زیادہ گندم اگاؤ مہم 2026، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر پیداواری طریقوں سے کاشتکاروں کو آگاہی

منڈی بہاؤالدین (کیو این این ورلڈ/ جنرل رپورٹرجنید طالب نوشاہی)منڈی بہاؤالدین میں محکمہ زراعت (توسیع) اور فاطمہ فرٹیلائزر کے اشتراک سے زیادہ گندم اگاؤ مہم 2026 کے تحت سرسبز گندم کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں کاشتکاروں کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے جدید زرعی ٹیکنالوجی، بہتر بیجوں اور متوازن کھادوں کے استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ فاطمہ فرٹیلائزر کی جانب سے گزشتہ سال پنجاب حکومت کے گندم پیداواری مقابلے میں ضلع منڈی بہاءالدین اور گجرات میں پہلی تین پوزیشنیں حاصل کرنے والے کاشتکاروں سمیت دیگر جدت پسند کسانوں کو انعامات بھی دیے گئے۔

مقامی میرج ہال میں منعقدہ کنونشن کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر محمد شفقت نے کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گندم کی بہتر پیداوار قومی غذائی خود کفالت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کی ہے، لہٰذا کاشتکار جدید زرعی طریقے اپنا کر زیادہ پیداوار حاصل کریں، اپنی آمدن میں اضافہ کریں اور ملک کو غذائی ضروریات میں خود کفیل بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد افضل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کی خوشحالی اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ گندم کی بروقت کاشت، سپر سیڈر کے ذریعے لائنوں میں بوائی، تصدیق شدہ بیجوں اور کھادوں کے متوازن استعمال سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو فصلوں کی باقیات جلانے کے نقصانات اور اس حوالے سے قانونی پابندیوں سے آگاہ کیا، جبکہ حکومت کی جانب سے کسانوں کے لیے متعارف کروائی گئی مختلف سکیموں کی تفصیلات بھی بتائیں۔

کنونشن کے دوران فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے نمائندگان محمد عمران حسین، یاسر سرفراز، ڈاکٹر سعید اقبال، ڈاکٹر ماجد سلیم اور اسلام الدین میمن نے گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی، نئی اقسام اور بہتر کاشتکاری کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور شرکاء کو زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے عملی رہنمائی فراہم کی۔

اس موقع پر کاشتکاروں نے گندم کی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور جدید زرعی طریقے اپنا کر گندم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے