گورنر فیصل کریم کنڈی کا خیبر سٹار ٹیلنٹ ہنٹ میں صوبے کی تمام زبانیں شامل کرنے پر زور

پشاور(کیو این این ورلڈ) خیبر سٹار ٹیلنٹ پروگرام میں سرائیکی زبان کو بھی نمائندگی دینے کی ہدایت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت خیبر سٹار ٹیلنٹ اینڈ کلچرل پروموشن پروگرام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، سیکرٹری اطلاعات محمد بختیار خان، سیکرٹری کھیل محمد آصف اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران گورنر فیصل کریم کنڈی کو پروگرام کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار، انتخاب کے مراحل اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ خیبرپختونخوا کی ثقافت، روایات اور مختلف زبانوں کو فروغ دینا ہے۔ اس سلسلے میں آڈیشن کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع میں کیمپ لگائے جائیں گے، جبکہ پروگرام میں شفافیت اور معیار برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ خیبر سٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں اردو سمیت خیبرپختونخوا میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو نمائندگی دی جائے اور آڈیشن میں سرائیکی زبان کو بھی شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی سندھ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پنجاب میں بھی بولی جانے والی اہم زبان ہے، اس لیے اسے بھی پروگرام کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، جنہیں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا اور اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے مؤثر پلیٹ فارم دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر سٹار ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ صوبے کے ثقافتی ورثے، روایات اور مختلف زبانوں کو نمایاں کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے