گورنر فیصل کریم کنڈی کی پشاور کے تاریخی مقامات، دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کی ہدایت

پشاور (کیو این این ورلڈ) تاریخی ورثے کی بحالی، سیاحتی بسیں چلانے کی تجویز،ورنر فیصل کریم کنڈی کی پشاور کے تاریخی مقامات، دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کی ہدایت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور کے تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی ترقی و بحالی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشیر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت، تاریخی مقامات اور ورثے کے تحفظ و بحالی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے انہیں نائٹ ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور صدیوں پر محیط تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا ایک زندہ ورثہ ہے۔ شہر کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرکے اسے ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گورگٹھڑی میں موجود ونٹیج ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی پرانی گاڑیوں کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں سیاح انہیں دیکھ سکیں۔

گورنر نے پشاور کے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے خصوصی سیاحتی بسیں چلانے پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب پشاور کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے سے متعلق بڑے معلوماتی بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ شہر آنے والے سیاحوں کو اس کے تاریخی تشخص کے بارے میں آگاہی حاصل ہو۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور کی ثقافت، فنون اور ادبی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے۔ انہوں نے دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر کا کہنا تھا کہ پشاور کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز خوش آئند ہے۔ تاریخی مقامات کی بحالی اور سیاحتی سہولیات کی فراہمی سے شہر کی ثقافتی شناخت کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے