حوثی ملیشیا کے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پر ڈرون حملے ناکام، سعودی دفاعی نظام نے تباہ کر دیے

ریاض (کیو این این ورلڈ)حوثی ملیشیا کی سعودی عرب کے خلاف جارحیت جاری رہی تاہم ان کے مقدس مقامات پر کیے گئے ڈرون حملے ناکام بنا دیے گئے۔

سعودی اتحادی فوج کے مطابق حوثی ملیشیا نے مدینہ منورہ کے علاقے کی جانب ایک ڈرون بھیجا تھا جسے بروقت نشاندہی کرکے تباہ کر دیا گیا۔
حوثی ملیشیا نے مدینہ پر کسی بھی ڈرون حملے کی تردید کی ہے۔

اس سے قبل ریاض سے موصولہ اطلاعات کے مطابق حوثی ملیشیا کا مکہ مکرمہ پر بھیجا گیا ڈرون بھی سعودی دفاعی نظام نے ناکام بنا دیا۔ ترجمان سعودی فوجی اتحاد کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ دفاعی نظام نے بروقت نشاندہی کرکے ڈرون کو تباہ کر دیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریاض اور جنوبی علاقوں کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائل بھی تباہ کر دیے گئے جبکہ ایک اور ڈرون کو مار گرایا گیا۔

حوثی ملیشیا کے خلاف آپریشن فجر الیمن جاری ہے۔ترجمان یمنی فوج میجر جنرل ماجد النزیلی کے مطابق حوثی ملیشیا کے خلاف مزید 982 فضائی اور زمینی حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، فیلڈ کمانڈرز، اسنائپر پوزیشنز اور سپلائی لائنز کو ہدف بنایا گیا۔

حملوں کے نتیجے میں حوثی ملیشیا کے 324 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ 108 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔سعودی اتحاد نے واضح کیا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری علاقوں اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم دفاعی نظام انہیں ناکام بنا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے