ملبورن (کیو این این ورلڈ)ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کے موقع پر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا، جس میں شرکت کے لیے پاکستان کے تین سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
یہ تاریخی میچ آئندہ سال 11 سے 15 مارچ تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اس یادگار موقع پر مختلف تقریبات کے انعقاد کا بھی منصوبہ بنایا ہے، جبکہ دنیا بھر سے نامور کرکٹرز اور دیگر مہمانوں کو مدعو کیا جا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے سابق کپتانوں ظہیر عباس، وسیم اکرم اور وقار یونس کو تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کے سابق کپتانوں اور نامور کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے، جبکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے سابق اور سینئر کرکٹرز بھی اس تاریخی موقع پر شریک ہوں گے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی 150ویں سالگرہ کی مناسبت سے خصوصی تقریبات کے علاوہ یادگاری سووینئرز بھی پیش کیے جائیں گے، تاکہ کرکٹ کی تاریخ کے اس اہم سنگِ میل کو یادگار بنایا جا سکے۔