ڈی پی او اور محکمہ ایریگیشن کا پانی چوری روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق

ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مجاہد اقبال کھوسہ) حکومت پنجاب کی ہدایات پر پانی چوری کی روک تھام اور اس غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے ایس ای ایریگیشن اور ایکسین ایریگیشن سے اہم میٹنگ کی، جس میں پانی چوری کے واقعات کی روک تھام اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

میٹنگ میں غیر قانونی طریقوں سے پانی حاصل کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی، پانی چوری کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور حکومتی احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے امور زیرِ غور آئے۔

ڈی پی او ڈیرہ غازی خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق پانی چوری میں ملوث ملزمان کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پانی ایک قومی اور قیمتی اثاثہ ہے، جس کی چوری سے سرکاری وسائل کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ کسانوں اور شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس غیر قانونی عمل کی روک تھام کے لیے پولیس اور محکمہ ایریگیشن کو باہمی تعاون کے ذریعے مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ پانی چوری کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کے لیے پولیس اور محکمہ ایریگیشن کے مشترکہ اقدامات کا مقصد پانی چوری کی روک تھام اور پانی کی منصفانہ فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے