آندل سندرانی میں گائے کے بچھڑے پر کلہاڑی سے حملہ، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی میں گائے کے بچھڑے کی ٹانگ کلہاڑی سے کاٹنے اور اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے پر تھانہ آندل سندرانی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم ارشاد ولد مصری سندرانی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے بچھڑے کے مالک غلام یاسین ولد طوطل سندرانی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے احکامات پر تھانہ آندل سندرانی پولیس نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور گاؤں آندل سندرانی، تعلقہ گھوٹکی کے رہائشی ملزم ارشاد ولد مصری سندرانی کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف کرائم نمبر 33/2026 کے تحت تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 429، 506(2) اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ بچھڑے کے مالک غلام یاسین کی مدعیت میں درج کیا گیا، جبکہ واقعے کے دیگر قانونی پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق زخمی بچھڑے کا علاج جاری ہے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان گھوٹکی پولیس کا کہنا ہے کہ بے زبان جانوروں پر ظلم اور تشدد کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور ایسے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے