اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار حبیب خان) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولپور رانا عبدالوہاب کے احکامات پر تھانہ اوچ شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 9 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ اور ایس ایچ او محمد صدیق کی نگرانی میں اے ایس آئی حق نواز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر تفتیش کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی نقدی اور دیگر مسروقہ سامان قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ مال کی برآمدگی پر شہریوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالوہاب نے پولیس ٹیم کو کامیاب کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔