خونی چوک پر حادثات کا سلسلہ نہ رک سکا: اوچ شریف-چنی گوٹھ روڈ شہریوں کے لیے خطرہ بن گئی

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان) سوئی گیس پلانٹ چنی گوٹھ روڈ پر آئے روز ٹریفک حادثات کا سلسلہ معمول بنتا جا رہا ہے، جبکہ ان حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کا نہ ہونا شہریوں کے لیے گہری تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔

تازہ واقعے کے مطابق سوئی گیس پلانٹ کے قریب واقع خونی چوک پر تیز رفتار کے باعث دو موٹر سائیکلیں آمنے سامنے خوفناک انداز میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں 28 سالہ اشفاق شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری موقع پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

اس مقام پر مسلسل ہونے والے حادثات نے روڈ سیفٹی اور متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہ چوک بار بار خوفناک حادثات کا سبب بن رہا ہے، تو انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی جانب سے اب تک یہاں کوئی حفاظتی اقدامات کیوں نہیں کیے گئے؟ کیا مناسب سائن بورڈز کی تنصیب، سپیڈ بریکرز کی تعمیر اور ٹریفک کنٹرول کے لیے کسی بڑے جانی نقصان یا سانحے کا انتظار کیا جا رہا ہے؟

اوچ شریف کے شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس پلانٹ چوک اور چنی گوٹھ روڈ کا فوری فنی معائنہ کر کے حادثات کی بنیادی وجوہات کا تعین کیا جائے اور ترجیحی بنیادوں پر مؤثر حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ شہریوں کا دو ٹوک سوال ہے کہ حادثات کے بعد ریسکیو کارروائی تو ہو جاتی ہے، لیکن ان حادثات کو روکنے کی بنیادی ذمہ داری آخر کون ادا کرے گا؟

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے