اوکاڑہ میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی، حقِ خودارادیت کی حمایت اور بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کے زیرِ اہتمام الگ الگ ریلیاں نکالی گئیں، جن میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی گئی۔ شرکاء نے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔

ضلعی انتظامیہ کی ریلی ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی قیادت میں ڈی سی آفس سے ٹینک چوک تک نکالی گئی۔ ریلی میں ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکموں کے افسران نے سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی، جبکہ طلبہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے کہا کہ یومِ سیاہ کی ریلی کا مقصد کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کے بھارتی اقدام کے خلاف پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری جانب محکمہ سول ڈیفنس کے زیرِ اہتمام بھی بھارتی تسلط کے خلاف اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے کی۔ ریلی میں سول ڈیفنس کے اہلکاروں، رضاکاروں، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیری عوام کے حق میں اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔

سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر تاریخ کا سیاہ دن ہے، جب بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام، سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضاکار اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے۔

عدنان قیصر نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی اور قانونی حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اقدامات کرے۔

دونوں ریلیوں کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے