قصور (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف طارق نوید سندھو کی رپورٹ)قصور کے نواحی علاقے منڈی عثمان والا میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 نابالغ بچیوں کے زبردستی نکاح کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان پولیس کے مطابق منڈی عثمان والا میں 10 اور 16 سال کی دو کم عمر بچیوں کا زبردستی نکاح پڑھوایا جا رہا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے موقع پر چھاپہ مار کر کارروائی کی اور نکاح کی تقریب کو روک دیا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں دلہوں، نکاح خواں اور گواہ کو موقع سے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام نامزد ملزمان کے خلاف چائلڈ میرج ایکٹ اور زبردستی شادی کی کوشش کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے دونوں نابالغ بچیوں کو محفوظ تحویل میں لے کر قانونی اور حفاظتی اقدامات کے تحت دارالامان منتقل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔