خیبر کی 30 مخصوص یونین کونسلوں میں پولیو کے خلاف خصوصی مہم: 700 ٹیمیں اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل

خیبر (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف نصیب شاہ شینواری)ضلع خیبر کی 30 مخصوص یونین کونسلوں میں 26 اکتوبر سے 6 روزہ خصوصی پولیو بوسٹر ڈوز مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے تحت 4 ماہ سے 10 سال تک کے 2 لاکھ 11 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز دی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرِ نگرانی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے پولیو وائرس سے متاثرہ مخصوص علاقوں میں 31 اکتوبر تک جاری رہنے والی اس مہم کے لیے تمام تر انتظامی، سیکیورٹی اور لوجسٹک انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ مہم کے دوران 4 ماہ سے 10 سال تک کے بچوں کو بوسٹر ڈوز دینے کے ساتھ ساتھ 5 سے 10 سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، تاکہ بچوں میں قوتِ مدافعت مضبوط بنا کر وائرس کی منتقلی کا مکمل سدباب کیا جا سکے۔

مہم کی کامیا‌بی کے لیے 700 تربیت یافتہ پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر، اسکولوں، مدارس، طبی مراکز اور کمیونٹی ویکسی نیشن پوائنٹس پر فرائض سرانجام دیں گی۔ علاوہ ازیں، 594 سوشل موبلائزرز کو عوامی آگاہی اور والدین کے خدشات دور کرنے کے لیے فیلڈ میں تعینات کیا گیا ہے، جبکہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ خیبر نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 10 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز اور قطرے لازمی پلوا کر ان کا مستقبل معذوری سے محفوظ بنائیں اور خطے سے پولیو کے خاتمے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے