میہڑ (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار منظور علی جوئیہ) شہر کے بنیادی مسائل حل نہ ہونے اور گندا و بدبودار پینے کا پانی فراہم کیے جانے کے خلاف شہری اتحاد کے چیئرمین نیاز علی برڑو کی قیادت میں سیکڑوں شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے دعا چوک سے گھنٹہ گھر تک احتجاجی ریلی نکالی، ڈھول بجائے اور ایم این اے میہڑ، ایم پی اے میہڑ، ڈپٹی کمشنر دادو اور سی ایم او میہڑ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
احتجاجی ریلی کے شرکاء نے شہر میں بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پینے کے لیے گندا اور بدبودار پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث متعدد شہری پیٹ کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور شہر کے دیگر بنیادی مسائل بھی فوری طور پر حل کیے جائیں۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے متعلقہ منتخب نمائندوں اور انتظامی افسران کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئیں تاکہ عوام کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں صاف پانی کی فراہمی سمیت تمام بنیادی مسائل کے حل کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
احتجاجی ریلی کے شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر شہری مسائل حل نہ کیے گئے تو ان کا پُرامن احتجاج جاری رہے گا۔