گرین سکلز پراجیکٹ تین سال جاری رہے گا، تکنیکی تربیت اور شجرکاری سمیت مختلف اقدامات کیے جائیں گے

خیبر: (کیو این این ورلڈ /نامہ نگار نور حلیم آفریدی) خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی نے سوشل ایکشن بیورو فار اسسٹنس اینڈ ویلفیئر اینڈ آرگنائزیشنل نیٹ ورکنگ (SABAWON) کے ساتھ گرین سکلز پراجیکٹ کے سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے تکنیکی تربیت، شجرکاری، کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے اور ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سمیت مختلف سرگرمیوں میں تعاون کریں گے۔ گرین سکلز پراجیکٹ وفاقی فنڈنگ سے جاری ہے۔

اس سلسلے میں خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی کا ایک اہم اجلاس حرا ہائی اسکول، سپین قبر میں منعقد ہوا، جس میں سوسائٹی کے سینئر رہنماؤں اور کابینہ اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صدر خدمت خلق ویلفیئر سوسائٹی گل عباد خان نے ایجنڈے پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ گرین سکلز پراجیکٹ کے حوالے سے سباون کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جبکہ منصوبے پر مؤثر انداز میں کام کرنے کے لیے سوسائٹی کی کابینہ کے اراکین کو باقاعدہ تربیت بھی دی گئی ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ تین سال تک جاری رہے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے سباون کے ساتھ معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے علاقے میں فنی تربیت، ماحول کے تحفظ اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کو فروغ ملے گا۔

اجلاس میں علاقے کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عملے کی کمی اور مرحوم ملک جمشید روڈ کو درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے اور مطالبات پیش کرنے کی غرض سے وفود تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے