پراپرٹی شراکت داری کے نام پر رقم لینے اور چیک ڈس آنر ہونے کا مقدمہ درج

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)تھانہ کینٹ گوجرانوالہ پولیس نے پراپرٹی کی خرید و فروخت میں شراکت داری اور منافع کا وعدہ کرکے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے حاصل کرنے اور رقم کی واپسی کے لیے جاری کردہ چیک ڈس آنر ہونے کے الزام میں باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے مدعی حافظ رضا مصطفیٰ کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق حافظ رضا مصطفیٰ ولد محمد حسین، سکنہ حسین میرج ہال، جی ٹی روڈ گوجرانوالہ نے پولیس کو درخواست دی کہ ہمایوں خان اور ان کے بیٹے ارحم ہمایوں نے پراپرٹی کی خرید و فروخت میں شراکت داری اور منافع دینے کا وعدہ کرکے ان سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے نقد حاصل کیے تھے۔

مدعی کے مطابق جب انہوں نے اپنی رقم واپس طلب کی تو نامزد ملزمان مختلف حیلے بہانے کرتے رہے۔ بعدازاں معززین علاقہ کے روبرو طے پانے والے فیصلوں کے تحت رقم کی ادائیگی کے لیے میزان بینک کی جی ٹی روڈ راہوالی برانچ کے مختلف مالیت کے چیک جاری کیے گئے، تاہم مدعی کا دعویٰ ہے کہ اکاؤنٹس میں ناکافی رقم اور دیگر وجوہات کی بنا پر یہ چیک ڈس آنر ہوگئے۔

درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے تھانہ کینٹ پولیس نے مقدمہ نمبر 1419/26 مورخہ 22 اکتوبر 2026 کو پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 489-F کے تحت درج کیا۔ پولیس نے نامزد ملزمان ہمایوں خان اور ان کے بیٹے ارحم ہمایوں کو گرفتار کرکے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مقدمے میں رقم کے حصول، شراکت داری کے معاہدے اور چیک ڈس آنر ہونے سے متعلق الزامات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تفتیش کے دوران معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر حقائق واضح کیے جائیں گے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے