بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رہیں گی: چیئرمین ڈیفنس فورسز

راولپنڈی / پشاور(کیو این این ورلڈ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کے خلاف آپریشنز پوری شدت اور طاقت سے جاری رکھے جائیں گے، دہشتگرد جہاں بھی ہوں گے ان پر بھرپور اور کارگر ضرب لگائی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا۔ پشاور پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشتگردی کے جاری آپریشنز، پاک افغان سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہدایت کی کہ سکیورٹی خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کو ہر وقت برقرار رکھا جائے اور لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال میں مسلسل چوکس رہا جائے۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، جذبے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بھرپور تعریف کی۔

فیلڈ مارشل نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے پاکستان دہشتگردوں اور ان کے گمراہ کن بیانیے و نظریے کو مکمل طور پر شکست دے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور امن کے لیے پاکستان کے غیور عوام، شہدائےِ ملت اور سکیورٹی فورسز کے غازیوں کی بے مثال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں جنہیں پورا قوم سلام پیش کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے