نسلِ نو میں جذبۂ حبِ الوطنی اور مثبت رویوں کے فروغ کے لیے اساتذہ مرکزی کردار ادا کریں: سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر)محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے طالب علموں کی اخلاقی و عملی تربیت اور ان میں مثبت رویوں کے فروغ کے سلسلہ میں گورنمنٹ گرلز ستلج ہائی سکول میں حب الوطنی کے موضوع پر ایک شاندار تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔

اس پروقار تقریب کی صدارت سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو نے کی۔ تقریب کے دوران طالبات نے وطنِ عزیز اور افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے پرجوش تقاریر پیش کیں، جبکہ پاک فوج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خوبصورت جنگی ماڈلز بھی نمائش کے لیے پیش کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن طالب علموں کی علمی و عملی تربیت کے ساتھ ساتھ ان میں مثبت رویوں کے فروغ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نسلِ نو میں جذبۂ حبِ الوطنی کو پروان چڑھانے کے لیے اپنا مرکزی اور مؤثر کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلبا وطن اور افواجِ پاکستان سے محبت کا جذبہ لے کر آگے بڑھیں، کیونکہ جذبۂ حبِ الوطنی سے ہی قوم میں محبت، یکسوئی اور اتحاد کی فضا قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ طالبات کی بہترین کردار سازی کے لیے محکمہ تعلیم ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے