میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ)میہڑ کے نواحی گاؤں فیض محمد کولاچی میں کولاچی برادری کے دو گروپوں کے درمیان پرانی دشمنی پر جھگڑا اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے دوران گولی لگنے سے دلبر کولاچی شدید زخمی ہو گیا۔ ورثاء نے فوری طور پر زخمی کو تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد اس کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نوجوان صحافی اور سماء ٹی وی کے رپورٹر میر صابر کولاچی کی بہن اور بھانجی کو قتل کرنے والے ملزمان نے ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ تازہ فائرنگ کے اس واقعے میں صابر کولاچی کا بھانجہ دلبر زخمی ہوا ہے جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک فریدآباد تھانے میں اس واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا، تاہم پولیس نے معاملے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔