خیبر (کیو این این ورلڈ/ نور حلیم آفریدی کی رپورٹ )باڑہ میں خستہ حال عمارتوں پر 2 نجی سکول سیل، ایک کو وارننگ جاری،تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ، سرکاری سکولوں کی مرمت کے احکامات جاری
تفصیلات کے مطابق تحصیل باڑہ میں خستہ حال عمارتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو نجی اسکول سیل کر دیے گئے، جبکہ ایک اور نجی اسکول کی انتظامیہ کو وارننگ جاری کر دی گئی۔ اس کے علاوہ بعض سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی مرمت کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی ہدایات کی روشنی میں تحصیلدار باڑہ داؤد آفریدی، سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر باڑہ شیر زمان آفریدی، سب انجینئر اور دیگر متعلقہ حکام نے باڑہ کے مختلف علاقوں شلوبر، برقمبر خیل اور ملک دین خیل میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور مدارس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران عمارتوں کی حالت اور طلبہ و طالبات کے لیے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران خستہ حال عمارتوں کے باعث شلوبر اور برقمبر خیل میں ایک، ایک نجی اسکول کو سیل کر دیا گیا، جبکہ برقمبر خیل میں ایک اور نجی اسکول کی انتظامیہ کو عمارت کی حالت کے حوالے سے وارننگ جاری کی گئی۔
دورے کے دوران بعض سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کی خستہ حالی بھی سامنے آئی، جس پر متعلقہ حکام نے ان کی مرمت کے احکامات جاری کیے تاکہ طلبہ و طالبات اور تدریسی عملے کو محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
حکام نے مختلف تعلیمی اداروں کی عمارتوں اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی رپورٹ بھی مرتب کر لی ہے، جس میں معائنے کے دوران سامنے آنے والی صورتحال اور ضروری اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
اس کارروائی کا مقصد تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کی حفاظت یقینی بنانا، خستہ حال عمارتوں سے لاحق ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنا اور تعلیمی اداروں میں حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔