خیبرپختونخوا: افغان طالبان کی فائرنگ کا جواب، ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ نشانہ بن گئے

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)خیبرپختونخوا میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد طالبان اہلکاروں کو ہلاک اور شپولا بیس کیمپ کو تباہ کر دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ تائدہ سیکٹر، اپر کرم اور غوزگڑھی کے علاقوں میں کی گئی۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نے خارجی دہشت گردوں کو سرحد پار کرانے کے لیے فائرنگ کی، جس پر پاک فوج نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ غوزگڑھی سرحد پر جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان رجیم کے متعدد اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپر کرم سیکٹر میں پاک فوج نے افغان طالبان کی ٹاپسر پوسٹ اور شپولا بیس کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شپولا بیس کیمپ مکمل طور پر تباہ ہونے کی اطلاع ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی کے بعد طالبان اہلکاروں نے سرحدی پوسٹ خالی کر دی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپر کرم سیکٹر میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنانے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تائدہ اور غوزگڑھی میں دشمن کو دندان شکن جواب دینا پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ انہوں نے افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ کے جواب میں پاک فوج کی کارروائی کو قابلِ فخر قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے