اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی بالخصوص ہدایات پر پیرا فورس ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف متحرک ہو گئی ہے، جس کے تحت 39/3 آر اڈہ میں بڑے پیمانے پر نٹ کس کر چیکنگ آپریشن کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر اصغر علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 39/3 آر اڈہ کا دورہ کیا اور سڑک و عام راستوں پر خود ساختہ تجاوزات قائم کرنے، سامان باہر سجانے اور شہریوں کی نقل و حرکت میں شدید رکاوٹ بننے والے متعدد دکانداروں پر موقع پر ہی بھاری جرمانے عائد کیے۔
سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر اصغر علی نے دکانداروں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت اور راستوں کی کشادگی کی خاطر تجاوزات کا فوری خاتمہ یقینی بنایا جائے اور آئندہ کسی بھی قسم کے غیر قانونی قبضے سے مکمل طور پر پرہیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدم تعاون کرنے والوں کے خلاف جرمانے عائد کیے گئے ہیں جبکہ مستقبل میں ورزی دہرانے پر نہ صرف مزید سخت قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ سامان بھی ضبط کر لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا، کشادہ اور رکاوٹوں سے پاک ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور شہر کی خوبصورتی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے تاجر برادری اور دکانداروں سے انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی۔