دیر کالونی سکول سانحہ، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی، گورنر خیبرپختونخوا

پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نجی سکولوں کی رجسٹریشن، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظتی انتظامات سے متعلق قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے نجی سکولوں کے لیے مؤثر قانون سازی کرکے 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ اجلاس میں مشیرِ تعلیم عامر عبداللہ، کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود، ڈپٹی کمشنر آفاق وزیر اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکول کی چھت گرنے کے واقعے اور اس سے متعلق انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔

کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے گورنر کو واقعے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سکول کے مالک نے 16 مرلے اراضی دس سال کے لیے لیز پر حاصل کی تھی، جس پر عمارت تعمیر کی گئی۔ متعلقہ سکول سال 2026 میں رجسٹرڈ ہوا، تاہم سکول انتظامیہ نے مقررہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد نہیں کیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دیر کالونی میں سکول کی چھت گرنے کا واقعہ انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ بغیر منظور شدہ نقشوں کے تعمیر ہونے والی عمارتوں کی نشاندہی کرکے ان کی جانچ پڑتال کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) شہر میں عمارتوں کی جانچ پڑتال کے لیے مؤثر اقدامات کر سکتی ہیں۔ نجی سکولوں کے قیام اور عمارتوں کی تعمیر کے دوران مقررہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

گورنر نے ہدایت کی کہ صوبے میں نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور حفاظتی انتظامات سے متعلق قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ جن نجی سکولوں کے پاس رجسٹریشن سرٹیفکیٹ موجود نہیں، ان کے خلاف کارروائی اور سزاؤں کے تعین کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے لیے مؤثر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ سکولوں کی عمارتوں میں حفاظتی معیارات اور متعلقہ ضابطہ کار پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو نئی قانون سازی کے حوالے سے اقدامات کرکے 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر نے مزید کہا کہ نجی سکولوں کے انتظامی معاملات میں شفافیت، مؤثر نگرانی اور بہترین طریقۂ کار اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکول کی چھت گرنے کے واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے