اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) محکمہ سول ڈیفنس نے اوکاڑہ میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور منی پٹرول پمپس کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی پر 10 دکانیں اور 1 منی پمپ سیل کر دیا، جبکہ قانون شکنی کرنے والے 10 دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کارروائی کے دوران فائر سیفٹی کے غیر تسلی بخش انتظامات اور ایمرجنسی پلان نہ ہونے پر متعدد پٹرول پمپس کے مالکان کو باقاعدہ وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔
اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر عدنان قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور منی پٹرول پمپس عام شہریوں کی زندگیوں کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ہیں اور کسی بھی بڑے جانی و مالی سانحے کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ایسے خطرناک عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی اور انہیں قانون شکنی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔