انتظامیہ کی خاموشی پر سوالیہ نشان: اوچ شریف کی عیدگاہ میں گندگی اور تعمیراتی سامان کے ڈھیر، شہریوں کا فوری نوٹس کا مطالبہ

اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان) اولیائے کرام کے تاریخی شہر اوچ شریف کی عیدگاہ شدید بدانتظامی اور متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث مذہبی مقام کا تقدس شدید متاثر ہو رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مقامی لوگوں کی جانب سے مبینہ طور پر عیدگاہ کی دیواری کرپٹ کر کے اور دیواریں توڑ کر غیر قانونی راستے بنا لیے گئے ہیں، جبکہ بعض مقامی افراد نے اپنے گھروں کی تعمیر کا سامان، بشمول ریت، مٹی، اینٹیں اور لوہا عیدگاہ کے اندر ڈمپ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عیدگاہ میں سیوریج کا گندا پانی چھوڑے جانے، صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور پھلواڑی کی عدم موجودگی کے باعث صورتحال انتہائی تشویش ناک شکل اختیار کر چکی ہے۔

شہریوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوچ شریف شہر میں باقاعدہ جنازہ گاہ نہ ہونے کی وجہ سے شہری اپنے مرحومین کی نمازِ جنازہ بھی اسی عیدگاہ میں ادا کرتے ہیں۔ ایسے میں عیدگاہ کی بدحالی، گندے پانی کی آمد اور تعمیراتی سامان کے ڈھیروں کے باعث نمازِ جنازہ اور عیدین کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اہل علاقہ و شہریوں نے ضلعی انتظامیہ بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ اور متعلقہ میونسپل حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ عیدگاہ کی دیواروں کی فوری مرمت کروائی جائے، غیر قانونی راستے بلاک کیے جائیں، تعمیراتی سامان کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور سیوریج کے پانی کا مستقل تدارک کرتے ہوئے صفائی و تزئین و آرائش کے اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے