پشاور (کیو این این ورلڈ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان خراب کرنے، اشتعال انگیزی پھیلانے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے صوبے کے عوام پر زور دیا کہ وہ قانون شکنی، دنگا فساد اور بدامنی سے مکمل اجتناب کریں اور امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
صوبے کے عوام کے نام اپنے اہم پیغام میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ ان کے مطابق عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر آخری دم تک لڑیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں۔ وہ دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ترقی و خوشحالی کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام صوبے میں ترقی کے عمل کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں اور اس مقصد کے لیے باہمی تجربات سے فائدہ اٹھانے اور مشترکہ کوششوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری اقدار کے فروغ اور ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچنے کے خواہاں ہیں۔
گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی یا پُرتشدد کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔ ان کے مطابق صوبے میں پائیدار امن، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ عوام قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی ایسی سرگرمی سے گریز کریں جس سے امن و امان کی صورتحال متاثر ہو۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اجتماعی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے دور رہیں۔ گورنر نے واضح کیا کہ امن و امان خراب کرنے یا قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔