لاہور(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم مہیا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ہنگامی اجلاس ہوا جس میں فلور ملوں کو 3800 روپے فی من کے حساب سے ملنے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا اور وزیراعلیٰ نے اس سبسڈی کی منظوری بھی دے دی۔
اجلاس کے دوران مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ بے حد تکلیف دہ ہے اور حکومت عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رہے گی اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔