گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی میں الطاف میرانی سے شادی کرنے والی شُعبانہ میرانی نے عدالت میں پیش ہوکر اپنے مبینہ اغوا کے الزام کی تردید کردی۔ شُعبانہ میرانی نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ اسے کسی نے اغوا نہیں کیا بلکہ اس نے اپنی مرضی اور رضامندی سے الطاف میرانی سے شادی کی ہے۔
شُعبانہ میرانی کے مطابق اس کے پہلے شوہر نے تقریباً ایک سال قبل اسے طلاق دی تھی، جس کے بعد اس نے اپنی آزاد مرضی سے الطاف میرانی سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے معاملے میں ان پر کسی قسم کا دباؤ یا زبردستی نہیں کی گئی۔
شُعبانہ میرانی کے بیٹے سجاد میرانی نے بھی اپنی والدہ کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے اغوا کے الزام کو مسترد کیا۔ سجاد میرانی کے مطابق ان کی والدہ نے اپنی مرضی اور رضامندی سے شادی کی ہے۔
دوسری جانب اس معاملے پر پولیس کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آ سکا، جبکہ مخالف فریق کی جانب سے بھی کوئی مؤقف دستیاب نہیں ہوسکا۔ پولیس یا مخالف فریق کا مؤقف سامنے آنے پر اسے صحافتی اصولوں کے مطابق خبر کا حصہ بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ عدالت میں شُعبانہ میرانی کی جانب سے دیا گیا بیان ان کا اپنا مؤقف ہے، جبکہ معاملے کی حتمی قانونی حیثیت متعلقہ عدالت اور قانون کے مطابق ہونے والی کارروائی کے بعد ہی واضح ہوگی۔