پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب میں لاکھوں جانیں بچائیں، مریم نواز کا اعلان

لاہور (کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلہ متاثرین کا دکھ آج بھی محسوس ہوتا ہے۔

مریم نواز شریف نے 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کی مناسبت سے 21ویں قومی یومِ استقامت پر اپنے پیغام میں زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور جاں بحق افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد آج بھی اس غیر معمولی زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے دکھ کو محسوس کر کے افسردہ ہے۔ قیامت خیز گھڑی میں پاکستانی قوم کی ہمدردی، ایثار اور احساس کا جذبہ ناقابلِ فراموش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زلزلے اور سیلاب کے دوران عوام کا اتحاد، یکجہتی، ثابت قدمی اور حوصلہ مندی قابلِ فخر قومی کردار ہے۔ ہر ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہر وقت تیار رہنا چاہیے، کیونکہ بروقت تیاری کے ذریعے انسانی جان و مال اور ماحول کو قدرتی آفات کے تباہ کن اثرات سے بچایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلاب، زلزلوں اور سموگ سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی اور پائیدار اقدامات ناگزیر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق پنجاب نے تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا اور سب سے بڑا ریسکیو، ریلیف اور انخلا آپریشن کیا۔ پنجاب کو لاکھوں انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ لاکھوں مویشیوں کو بھی بچانے کا اعزاز حاصل ہوا۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو سیلاب، زلزلے اور دیگر قدرتی آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت پنجاب کے تمام ادارے ہمہ وقت متحرک اور سرگرمِ عمل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قدرتی آفات کے دوران جانی و مالی نقصان سے بچاؤ کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے