فیکٹ فائنڈنگ نے بھانڈا پھوڑ دیا: ننکانہ میں اربوں کی وقف اراضی پر قبضے، فیک نیوز کے پردے میں مجرمانہ غفلت چھپانے کی کوشش

ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ /بیوروچیف احسان اللہ ایاز )متروکہ وقف املاک بورڈ ننکانہ صاحب کی اربوں روپے کی قیمتی زمینوں پر غیر قانونی تعمیرات، مبینہ قبضوں اور اعلیٰ حکام کی مجرمانہ غفلت پر سنگین سوالات نے جنم لے لیا ہے۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق ضلع ننکانہ صاحب میں متروکہ وقف املاک کی 15 ہزار سے زائد غیر قانونی تعمیرات محکمہ کے علم میں ہونے اور 25 فروری 2025ء کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ میں واضح تصدیق کے باوجود قبضے ختم کرانے کے بجائے معاملے کو دبانے اور خبروں کو فیک قرار دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

موجودہ ایڈمنسٹریٹر تنویر حسین نے 6 اکتوبر 2026ء کو ڈی پی او ننکانہ صاحب کو خط ارسال کرتے ہوئے اپنے دفتر اور فیلڈ وزٹس کے لیے پولیس سکیورٹی طلب کر لی ہے۔ خط میں صحافتی خبروں کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے مشکوک کالز کا سہارا لیا گیا، حالانکہ شائع ہونے والی خبریں کسی ہوائی افواہ پر نہیں بلکہ ڈپٹی کمشنر ننکانہ کے 2024ء کے خط، سیکرٹری بورڈ کے مراسلے اور باقاعدہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی روشنی میں سامنے آئی ہیں۔

دفتر میں پہلے سے 30 کے قریب محکمانہ سکیورٹی گارڈز کی موجودگی کے باوجود اضافی پولیس فورس کی طلبی نے انتظامیہ کی کارکردگی اور نیت پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ سب سے چونکا دینے والا پہلو یہ ہے کہ جن ایڈمنسٹریٹر تنویر حسین کو 2024ء میں غیر قانونی تعمیرات کے باعث رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، انہیں 15 ستمبر 2026ء کو دوبارہ اسی اہم عہدے پر کس بنیاد پر تعینات کر دیا گیا۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان کی اس معاملے پر مسلسل خاموشی اور چشم پوشی مجرمانہ غفلت کو عیاں کرتی ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کی سفارشات اور مالی کرپشن کی انکوائریز پر اب تک کیا پیش رفت ہوئی۔ صحافتی و عوامی حلقوں نے اربوں کی اراضی پر قبضے برقرار رہنے اور خبروں کو جھٹلانے کی پالیسی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملوث افسران کے خلاف فوری سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے