شمالی وزیرستان اور مستونگ میں کارروائیاں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد

راولپنڈی(کیو این این ورلڈ) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 18 خوارج کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن عزم استحکام وژن کے تحت فتنہ الخوارج کے خلاف شمالی وزیرستان اور گردونواح میں خوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے دوران شمالی وزیرستان میں 13 خوارج ہلاک ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھی فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے دوران مستونگ میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں دہشتگردوں کے ممکنہ ٹھکانوں کے خاتمے اور علاقے کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم نے بھی دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے