خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی): چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ خیبر نے پہلی مرتبہ عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر تحصیل باڑہ میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا۔
تقریب میں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اساتذہ کو سلامی پیش کی۔ اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رافیق عالم اور اسسٹنٹ کمشنر تیراہ نے اساتذہ کو گلدستے پیش کیے اور ہار پہنائے۔
اس موقع پر اساتذہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر باڑہ طلحہ رافیق عالم نے کہا کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ خیبر نے یومِ اساتذہ کو بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عنقریب بہترین اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایوارڈز پروگرام کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ پولیس کو اساتذہ کے تکریم اور احترام کے لیے ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

وادی تیراہ کے متاثرین کی واپسی کے ساتھ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سب ڈویژنل ایجوکیشن باڑہ وادی تیراہ میں خدمات سرانجام دینے والے اساتذہ کی تفصیلات باڑہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان کے رجسٹریشن، فیملی واپسی اور دیگر متعلقہ مسائل کو بروقت حل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام ضم اضلاع میں پہلی دفعہ باڑہ میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تعاون سے صاحبزادہ پبلک سکول (جو ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام چل رہا ہے) میں ورچوئل لرننگ کا آغاز کیا گیا ہے۔

تقریب میں اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر باڑہ خان فراز آفریدی نے محکمہ ایجوکیشن کی نمائندگی کی۔ اساتذہ کرام نے پہلی مرتبہ یومِ اساتذہ منانے پر ضلعی انتظامیہ خیبر کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو سراہا۔
تقریب میں شرکاء نے اساتذہ کی خدمات کو معاشرے کی تعمیر کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام اساتذہ کے حوصلے کو بلند کرتے ہیں اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔
