ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف احسان اللہ ایاز ): عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ضلعی محکمہ تعلیم ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام ضلع کونسل ہال ڈی سی کمپلیکس میں ہیرو ٹیچر ایوارڈ 2026 کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں نمایاں تدریسی خدمات، تعلیمی کارکردگی اور طلبہ کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے 63 مرد و خواتین اساتذہ کو ہیرو ٹیچر ایوارڈز (میڈلز) اور اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر عرفان مارٹن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او ایجوکیشن شفقت محمود، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز شکیل احمد رضوی، ڈاکٹر اسماء احسان، فیاض احمد اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز آسیہ امیر، مہوش امانت، عاصمہ افشین، محمد صدیق، محمد نعیم اختر سلہری اور جاوید گل سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور بڑی تعداد میں اساتذہ موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان مارٹن نے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ ان کی محنت اور خدمات کا اعتراف حوصلہ افزائی کا مؤثر ذریعہ ہے اور اس سے تعلیمی معیار میں بہتری کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اعزازات اساتذہ کے جذبے کو مزید پروان چڑھاتے ہیں اور طلبہ کے بہتر مستقبل کی ضمانت بنتے ہیں۔
سی ای او ایجوکیشن شفقت محمود نے خطاب میں کہا کہ معیاری تعلیم کے فروغ میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ اساتذہ کی محنت طلبہ کے تعلیمی نتائج اور مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ نمایاں کارکردگی کا اعتراف دیگر اساتذہ کے لیے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنتا ہے۔
بعد ازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان مارٹن، سی ای او ایجوکیشن شفقت محمود اور محکمہ تعلیم کے افسران نے 63 منتخب مرد و خواتین اساتذہ کو ہیرو ٹیچر میڈلز پہنائے اور اسناد تقسیم کیں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری شکیل احمد رضوی نے بتایا کہ ہیرو ٹیچر ایوارڈ کا مقصد نمایاں تدریسی خدمات اور تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ پرائمری سے ہائر سیکنڈری اور خصوصی کیٹیگریز کے علاوہ ECCE (ابتدائی بچپن کی نگہداشت و تعلیم)، FLN (بنیادی خواندگی و حساب)، STEM، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کو بھی اعزازات کے لیے منتخب کیا گیا۔
تقریب میں شرکاء نے اساتذہ کی بے لوث خدمات کو سراہا اور کہا کہ ایسے مواقع اساتذہ کو مزید محنت کی ترغیب دیتے ہیں جس سے ضلع بھر میں تعلیمی معیار بلند ہوتا ہے۔ تقریب کا اختتام دعا اور گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا۔