حویلی کورنگا: زیر تعمیر مکان کا لنٹر گر گیا، 2 مزدور ملبے تلے دب کر زخمی

خانیوال(کیو این این ورلڈ)خانیوال کے علاقے حویلی کورنگا میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک زیر تعمیر مکان کی چھت دورانِ کام اچانک زمین بوس ہو گئی۔ اس حادثے کے نتیجے میں وہاں موجود دو مزدور ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق دونوں مزدور معمول کے مطابق زیر تعمیر مکان کی چھت پر کام میں مصروف تھے کہ اچانک ڈھانچہ بیٹھ گیا اور چھت کا ملبہ ان پر آ گرا۔ اچانک چھت گرنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملبہ ہٹایا اور دبے ہوئے دونوں مزدوروں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمی مزدوروں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور بعد ازاں فوری علاج معالجے کے لیے قریب ترین ہسپتال منتقل کر دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے