اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے زیرِ اہتمام صنعت زار اوکاڑہ میں خواتین کے لیے ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی آگاہی کے حوالے سے ایک خصوصی سیشن منعقد ہوا۔
آگاہی سیشن کی صدارت ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میاں محمد اسلم نے کی۔ یہ تقریب کمیٹی کے پانچ ماہ کے آگاہی کیلنڈر کے تحت منعقد کی گئی، جس کا بنیادی مقصد خواتین میں ووٹر رجسٹریشن، قومی شناختی کارڈ کی اہمیت اور جمہوری عمل میں فعال شرکت کا شعور اجاگر کرنا تھا۔
ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میاں محمد اسلم نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ووٹر کا اندراج اور قومی شناختی کارڈ کا حصول اولیں شرط ہے۔ انہوں نے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کے حق سے واقف ہوں اور آئندہ انتخابات میں اپنی شمولیت کو یقینی بنائیں۔
سیشن کے دوران خواتین کو ووٹ درج کرانے کے طریقہ کار اور ووٹر کے طور پر ان کی قومی ذمہ داریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی متعلقہ افسران نے دیے۔
سیشن میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مقررین نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تمام طبقات کی شمولیت ہی ایک جامع اور پائیدار جمہوری نظام کی ضامن ہے۔