مری(کیو این این ورلڈ) سکول کے بچوں کو لے جانے والی وین لوئر موہڑا بڑاہوتر کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں وین میں آگ لگنے سے 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سکول وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچے جاگری، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ وین میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور تمام بچوں کو بحفاظت گاڑی سے نکال لیا۔ زخمی بچوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول اسپتال مری منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق فائر فائٹنگ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔
ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں، تاہم تمام زخمی بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ کچھ بچوں کو مزید طبی امداد کے لیے ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔