اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)سکیورٹی فورسز نے گزشتہ چند روز کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 70 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں کی جانب سے بلوچستان کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ٹھکانوں کی نشاندہی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ انٹیلی جنس اطلاعات پر سکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر کو زیارت اور گرد و نواح میں کارروائی کی۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 33 دہشت گرد ہلاک کیے گئے۔ یہ خوارج مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔
اس کے علاوہ فورسز نے 25 ستمبر کو نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ آپریشن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ مند میں بھی سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک کیے جبکہ کارروائی کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران 70 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جس سے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم افغان پراکسیز کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔ دہشت گردی میں افغان طالبان رجیم کا ملوث ہونا امن کے لیے خطرے کا باعث ہے، اسے بھارت کی جانب سے پشت پناہی اور مکمل معاونت حاصل ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔