اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک ان کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات ممکن نہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دارالحکومت میں شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے حفاظتی تدابیر کے طور پر کنٹینرز رکھے گئے ہیں، جو کہ سڑک کے کنارے موجود ہیں اور تمام تر آمدورفت کی سڑکیں کھلی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ بیک ڈور رابطے اس وقت بھی موجود ہیں، تاہم جب تک وہ لانگ مارچ کا فیصلہ واپس نہیں لیتے تب تک باضابطہ مذاکرات کا آغاز نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے محض بیانات دیے جا رہے ہیں اور عملی طور پر ایسا کچھ نہیں ہوگا۔
رانا ثنااللہ نے سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پر کسی کو بھی دباؤ ڈالنے یا چڑھ دوڑنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔