اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر ضلع بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی درست مقدار اور مقررہ قیمتوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ناپ تول کی چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی انڈسٹریز، پرائسز، ویٹ اینڈ میئرز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں مختلف پٹرول پمپس کی باقاعدگی سے جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔
اسی سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی ٹیم نے شہر کے مختلف پٹرول پمپس کا اچانک معائنہ کیا اور وہاں پٹرولیم مصنوعات کی ناپ تول کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ٹیم نے پٹرول پمپس پر نصب ڈسپنسنگ یونٹس اور نوزلز کو معیاری پیمانوں کے ذریعے چیک کیا تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ صارفین کو پٹرولیم مصنوعات مقررہ مقدار کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر ناپ تول کے آلات اور پیمائش کے نظام کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے طریقہ کار کو بھی چیک کیا گیا۔ محکمہ کی ٹیم نے پٹرول پمپس انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صارفین کو مقدار میں کمی یا ناپ تول میں کسی قسم کی ہیر پھیر کی شکایت کا موقع نہ دیا جائے اور متعلقہ قوانین و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی ناپ تول میں کمی یا مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ خلاف ورزی کے مرتکب پٹرول پمپس کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے حقوق کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی درست مقدار اور مقررہ قیمت پر فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ضلع بھر میں ناپ تول کے نظام کو شفاف بنانے اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرپرائز انسپکشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
خالد جاوید بھٹی نے مزید کہا کہ پٹرول پمپس کی چیکنگ کا مقصد ناپ تول کے نظام میں شفافیت برقرار رکھنا اور عوام کو کسی بھی قسم کے استحصال سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ قوانین کی خلاف ورزی سامنے آنے پر ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔