اوکاڑہ (بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک کی ہدایت پر شہر کے پارکس اور رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید کی زیر نگرانی شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں صفائی کا کام جاری ہے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید خود فیلڈ میں موجود رہ کر صفائی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے امیر کالونی سے ملبہ اٹھانے اور جمع شدہ پانی کی فوری نکاسی کا کام بھی بلا تعطل جاری ہے تاکہ علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل کا ازالہ کیا جاسکے۔
اس کے علاوہ صابری کالونی پارک کی صفائی اور پارک سے ملبہ ہٹانے کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ متعلقہ عملہ پارکس اور رہائشی علاقوں میں صفائی اور دیکھ بھال کے کاموں میں مصروف ہے۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وسیم جاوید نے کہا ہے کہ شہر کو خوبصورت بنانے اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے اقدامات سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات بھی میسر آئیں گی۔