جروار میں شدید لوڈشیڈنگ، کاروبار ٹھپ

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے قصبے جروار اور اس کے گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ دن کے اوقات میں شدید گرمی اور رات کی تاریکی نے شہریوں کے معمولات زندگی کو فلج کر کے رکھ دیا ہے، جس کے باعث مقامی آبادی سخت ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق شہر میں روزانہ 8،8 گھنٹے تک بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔ رات کے وقت بجلی کی مسلسل عدم فراہمی کے باعث پورے علاقے میں اندھیرا چھا جاتا ہے، جبکہ مچھروں کی بھرمار اور حبس کی وجہ سے بچوں، بزرگوں اور مریضوں کے لیے رات گزارنا انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔

طویل لوڈشیڈنگ نے علاقے کے کاروباری طبقے کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ دکانداروں، درزیوں، ویلڈنگ کے شعبے سے وابستہ افراد اور بجلی پر انحصار کرنے والے دیگر چھوٹے کاروباریوں کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں سخت مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرپور ماتھیلو سے بجلی کی فراہمی کے باوجود جروار کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ بجلی حکام سے فوری نوٹس لینے اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے سستی و بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔ تاہم اس تمام تر صورتحال پر متعلقہ بجلی حکام کا مؤقف فی الحال سامنے نہیں آ سکا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے