ننکانہ صاحب ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز ) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے گھریلو سطح پر مصنوعات تیار کرنے والی ہنر مند خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی اور شاندار اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں شہر میں پہلی مرتبہ وومن ایکسپو کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو اپنی مصنوعات کی نمائش اور فروخت کے لیے بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے علامہ اقبال پارک ننکانہ صاحب میں خواتین کے لیے بالکل مفت اسٹالز فراہم کیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد گھروں میں کام کرنے والی خواتین کو کاروباری مواقع فراہم کرنا اور ان کی تیار کردہ اشیاء کو مارکیٹ میں متعارف کروانے میں مدد دینا ہے۔
ایکسپو میں خواتین کی جانب سے تیار کردہ مختلف مصنوعات رکھی گئی ہیں، جن میں دستکاری، سلائی و کڑھائی کے ملبوسات، بیڈ شیٹس، ہوم میڈ اچار، بیکری آئٹمز اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیاء شامل ہیں۔
نمائش میں شریک خواتین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ گھروں میں بہترین مصنوعات تیار تو کرتی ہیں لیکن مناسب پلیٹ فارم نہ ہونے کی وجہ سے فروخت میں دشواری کا سامنا تھا۔ ڈپٹی کمشنر محمد آرائین کی اس کاوش سے ہمیں اپنی مصنوعات متعارف کروانے اور باوقار آمدن کمانے کا موقع ملا ہے۔
اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہنر مند خواتین کو خودکفیل بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ مفت اسٹالز کی سہولت اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے تاکہ خواتین اپنے ہنر کو باقاعدہ کاروبار میں تبدیل کر کے معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔