ڈیرہ غازی خان(کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر )ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی اور عوامی آگاہی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ستھرا پنجاب کے ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن حسنین ظہور گشکوری، تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری، ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ڈسٹرکٹ منیجر آپریشن محسن ریاض، تحصیل منیجر مدثر احسن، ایڈمن راشد فرید، پی آر او جواد اکبر اور دیگر افسران نے ٹریفک چوک سمیت مختلف مارکیٹوں اور دکانوں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران افسران نے ٹریفک چوک اور مختلف دکانداروں کو خشک اور گیلے فضلے کے لیے علیحدہ بالٹیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر دکانداروں کو ویسٹ علیحدہ رکھنے، مناسب طریقے سے تلف کرنے اور ویسٹ کولیکشن کے نظام میں بھرپور تعاون کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی گئی۔
افسران نے دکانداروں اور شہریوں کو بتایا کہ خشک اور گیلے فضلے کو الگ الگ رکھنے سے ویسٹ کولیکشن کا نظام مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے، جبکہ صفائی کے بہتر انتظامات اور صاف ستھرے ماحول کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔
ستھرا پنجاب کی جانب سے جاری آگاہی سرگرمیوں کا مقصد شہریوں میں صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ویسٹ کو جدید اور مؤثر طریقہ کار کے مطابق جمع کرنے کے نظام کو فروغ دینا ہے۔
افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ڈیرہ غازی خان کو صاف، خوبصورت اور زیرو ویسٹ بنانے کے لیے صفائی آپریشن کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی کا سلسلہ بھی مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔