اوکاڑہ( کیو این این ورلڈ/بیوروچیف ملک ظفر ) حبیب جالب پارک شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی تفریح کا ایک اہم مرکز ہے، جس کی حالت بہتر بنانے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پارک میں نئے پودے لگائے جا رہے ہیں، جبکہ آبپاشی کے لیے پمپ بھی چالو کر دیے گئے ہیں۔ گرین بیلٹ کو دوبارہ سرسبز و شاداب بنانے کے لیے بھی کام جاری ہے، جس سے پارک کی خوبصورتی میں مزید بہتری آنے کی امید ہے۔
شہریوں کی جانب سے انتظامیہ کے ان اقدامات کو سراہا گیا ہے۔ اس مثبت پیش رفت پر ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک، مینجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے احمد سلیم چشتی، چیف آفیسر محمد عامر بٹ اور متعلقہ سپروائزرز کا شکریہ ادا کیا گیا ہے کہ انہوں نے شہریوں کی آواز پر توجہ دیتے ہوئے حبیب جالب پارک کی بحالی کے لیے عملی اقدامات شروع کیے۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پارک کی بحالی کا یہ سلسلہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا اور حبیب جالب پارک بھی اوکاڑہ کے دیگر خوبصورت پارکوں کی طرح ایک مثالی، صاف ستھرا اور سرسبز تفریحی مقام بن کر سامنے آئے گا۔