ننکانہ: ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا پر رشوت طلب، اینٹی کرپشن کا چھاپہ، 10 ہزار روپے برآمد

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف احسان اللہ ایاز ) ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے شہری سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کیے جانے کی شکایت پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ننکانہ صاحب نے کارروائی کرتے ہوئے یونین کونسل کے نائب قاصد محمد نواز عرف ننھا بابا سے نشان زدہ رقم برآمد کرلی۔

تفصیلات کے مطابق چک نمبر 43 آر بی کوٹلہ کلاں کے رہائشی اور پاک فوج کے ریٹائرڈ اہلکار لیاقت علی نے اینٹی کرپشن حکام کو درخواست دی کہ وہ اپنی پھوپھی کی وراثتی کارروائی کے سلسلے میں ڈیتھ سرٹیفکیٹ بنوانا چاہتے تھے۔ درخواست گزار کے مطابق متعلقہ سیکرٹری یونین کونسل کے مطالبے پر نائب قاصد محمد نواز عرف ننھا بابا نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے اس سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی۔

درخواست موصول ہونے پر اینٹی کرپشن سرکل آفیسر اصغر علی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کا منصوبہ بنایا۔ علاقہ مجسٹریٹ صفدر علی خان کی نگرانی میں کی جانے والی کارروائی کے دوران نائب قاصد محمد نواز عرف ننھا بابا سے شکایت کنندہ کی جانب سے دی گئی نشان زدہ 10 ہزار روپے کی رقم برآمد کرلی گئی۔

اینٹی کرپشن تھانہ ننکانہ صاحب نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے