یومِ فضائیہ پر شہداء کو سلام، پاک فضائیہ کی جدید دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کا عزم

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) یومِ فضائیہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کے شہداء، غازیوں، افسران اور جوانوں کو شاندار خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے 1965 کی جنگ سے لے کر معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص تک ہر مرحلے پر جرأت، قربانی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو مؤثر جواب دیا۔ قومی قیادت نے ملکی فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے جدید خلائی، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

ملک بھر میں 1965 کی جنگ کے دوران 7 ستمبر کو ہونے والے تاریخی فضائی معرکے کی یاد میں یومِ فضائیہ منایا گیا۔ اس موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ مختلف فضائی اڈوں پر یومِ شہداء کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 1965 کی جنگ میں پاک فضائیہ نے شجاعت اور بہادری کی ایک نئی تاریخ رقم کی اور ہمیشہ جرأت، عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جن کی قربانیوں نے وطن کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

صدر مملکت نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان المرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس معرکے میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پاک فضائیہ کے جوانوں کی صلاحیتوں پر فخر ہے، جنہوں نے اپنی شاندار پیشہ ورانہ مہارت سے دنیا کو حیران کر دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتیں قومی دفاع کی ضمانت ہیں اور پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کی فضائی حدود، خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی ایک قابلِ فخر تاریخ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دہائیوں پر محیط مختلف فضائی معرکوں میں اپنی صلاحیت اور برتری کا لوہا منوایا ہے اور ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ لبیک کہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ستمبر 1965 کی جنگ میں ملکی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کا عزم اور جذبہ قابلِ دید تھا۔ پاک فضائیہ کے بہادر شاہینوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور قوم اپنے عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

شہباز شریف نے مئی 2025 کے معرکۂ حق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے افواجِ پاکستان کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق پاک فضائیہ نے جرأت مندانہ حکمتِ عملی، غیرمعمولی جنگی مہارت، بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کو شکست دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو اس بات پر فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہونے کے باوجود دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا اور اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی مزید ترقی اور کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر کے تمام فضائی اڈوں پر یومِ شہداء منایا گیا، جہاں 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ائیر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یومِ شہداء کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے بلند درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاک فضائیہ کی قربانی، جرأت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کی شاندار روایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ یومِ شہداء ہماری مسلح افواج کی غیرمعمولی بہادری، بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت اور بے لوث قربانی کے جذبے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے ان ہیروز کی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ مقروض رہے گی، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں، جبکہ ان کا ایثار آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک روشن مثال رہے گا۔

ائیر چیف نے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار اور پرعزم ہے اور ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ جدید تقاضوں کے مطابق اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے اور ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے خلائی صلاحیتوں، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مقامی دفاعی پیداوار کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے