یومِ دفاع پر لنڈی کوتل میں 20 کلومیٹر میراتھن، کھلاڑیوں کا بھرپور جوش

لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ / بیوروچیف نصیب شاہ شنواری) یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر لنڈی کوتل سے تاریخی شاگیی قلعہ تک 20 کلومیٹر طویل میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں انٹرنیشنل کیوکوشن کان کراٹے پاکستان کے کھلاڑیوں سمیت فٹ بال اور دیگر کھیلوں سے وابستہ نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ میراتھن ریس کا انعقاد کمانڈنٹ خیبر رائفلز کے تعاون سے کیا گیا، جس کا مقصد یومِ دفاعِ پاکستان کے قومی جذبے کو اجاگر کرنے کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور کھیلوں کو فروغ دینا تھا۔

میراتھن ریس کی قیادت انٹرنیشنل کیوکوشن کان کراٹے پاکستان کے برانچ چیف حیات نذیر شینواری اور برانچ چیف نور اسلم شینواری نے کی۔ مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں اور نوجوانوں نے جوش و خروش کے ساتھ ریس میں حصہ لیا اور لنڈی کوتل سے تاریخی شاگیی قلعہ تک تقریباً 20 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔

ریس کے دوران شرکاء کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی۔ ایف سی کے جوانوں، خیبر پولیس اور ٹریفک پولیس نے میراتھن کے تمام راستے پر سیکیورٹی اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیم بھی شریک کھلاڑیوں کو مکمل طبی اور ہنگامی خدمات فراہم کرنے کے لیے موجود رہی۔

میراتھن ریس کے اختتام پر تاریخی شاگیی قلعہ کے مقام پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز کی جانب سے شریک کھلاڑیوں کے لیے ریفریشمنٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ بعدازاں منعقدہ اختتامی تقریب میں بہترین انتظامات اور میراتھن ریس کے انعقاد میں نمایاں کردار ادا کرنے پر حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری کو کمانڈنٹ خیبر رائفلز کی جانب سے خصوصی ٹرافیاں پیش کی گئیں، جبکہ ریس میں شریک تمام کھلاڑیوں میں اعزازی میڈلز بھی تقسیم کیے گئے۔

اس موقع پر حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری نے کمانڈنٹ خیبر رائفلز، ایف سی، خیبر پولیس، ٹریفک پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے شرکاء کو مکمل سیکیورٹی اور ضروری خدمات فراہم کی گئیں، جس کے باعث میراتھن ریس کا انعقاد کامیابی سے ممکن ہوا۔

واضح رہے کہ میراتھن ریس میں ڈسٹرکٹ خیبر ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے صدر نصیب شاہ شینواری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ منتظمین نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوانوں میں صحت مند رجحانات کو فروغ دینے کے ساتھ قومی جذبے، نظم و ضبط اور کھیلوں سے وابستگی کو بھی مضبوط بناتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے