مریم نواز کا دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف سخت مؤقف، پنجاب کی سکیورٹی پر اربوں خرچ کر رہے ہیں

لاہور(کیو این این ورلڈ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دہشت گردی کو صوبے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کو پڑوسی ملک سے نہیں بلکہ دیگر صوبوں سے آنے والی دہشت گردی سے زیادہ خطرہ ہے، صوبے کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

لاہور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہب کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے عوام اللہ تعالیٰ کے بعد ان کی جانب دیکھ رہے ہیں، اسی لیے صوبے کو درپیش سکیورٹی خطرات کے پیش نظر پنجاب کی سکیورٹی پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ہمسایہ ممالک سے کم اور ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔ کچے کا علاقہ کئی دہائیوں سے جرائم کا گڑھ بنا ہوا تھا، تاہم فوج اور سندھ حکومت کی مدد سے کچے کے علاقے میں حالات قابو میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے بارڈر ایریاز سے سکیورٹی تھریٹس آتی ہیں، جن کے خاتمے کے لیے اب جوائنٹ چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ انٹیلیجنس ہب سکیورٹی اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا اہم مرکز ہوگا، جس سے سکیورٹی سے متعلق معلومات کے تبادلے اور جرائم و دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں مدد ملے گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جرائم کی صورتحال پر قابو پانا اور منظم جرائم کا خاتمہ ایک بڑا چیلنج تھا۔ ایک وقت میں صوبے میں دن دیہاڑے پانچ پانچ قتل کر دیے جاتے تھے، جبکہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات انتہائی اذیت ناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جرائم کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی کو بھی مشکل فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدا میں اس پر عملدرآمد ایک مشکل مرحلہ تھا، تاہم اب بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔

مریم نواز نے صوبے میں کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا عندیہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کرپشن کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے بحیثیت قوم کرپشن ہمارے معاشرے میں سرایت کرچکی ہے اور اسے برائی کے بجائے معمول کا حصہ سمجھ لیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں جہاں بھی کرپشن ہوگی، اسے برداشت نہیں کیا جائے گا اور کرپشن کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے