بابا گورو نانک کی مذہبی تقریبات سے قبل سڑک کی عدم تکمیل: وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس کا مطالبہ

ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف احسان اللہ ایاز ) بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی عالمی تقریبات قریب آنے کے باوجود ننکانہ صاحب میں کیپٹن حسنین نواز شہید روڈ کی تعمیر و بحالی کا منصوبہ شدید سست روی کا شکار ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق نومبر میں منعقد ہونے والی عالمی مذہبی تقریبات کے لیے وقت تیزی سے گزر رہا ہے، مگر شاہراہ کی بیوٹیفکیشن اور تعمیر کا دس فیصد کام بھی مکمل نہیں ہو سکا، جس پر انتظامیہ کی کارکردگی اور سست نگرانی پر شدید سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سال 2026 میں بابا گورو نانک دیو جی کا جنم دن 24 نومبر کو منایا جائے گا، جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچتے ہیں۔ کیپٹن حسنین نواز شہید روڈ اس حوالے سے انتہائی مرکزی اور خصوصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ گوردوارہ جنم استھان، گوردوارہ تنبو صاحب، گوردوارہ پانچویں و چھٹی پادشاہی، گوردوارہ مال جی صاحب اور گوردوارہ کیارہ صاحب کو جانے والا اہم راستہ یہی زیرِ تعمیر سڑک ہے۔ کروڑوں روپے کی اس اسکیم کی سست رفتاری کے باعث مذہبی تقریبات کے دوران یاتریوں کی آمد و رفت اور سہولیات شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ افسران کی جانب سے سائٹ کا باقاعدہ اور مؤثر معائنہ نہ کرنے کے باعث تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار دونوں متاثر ہو رہے ہیں۔ اس موجودہ صورتحال میں میونسپل آفیسر (آئی اینڈ ایس) حسیب احمد کی نگرانی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے، کیونکہ منصوبے کے تعمیراتی معیار، رفتار اور موقع پر کام جاری رکھنے میں متعلقہ شعبے کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔

شہری اور سیاسی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید سے روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لینے اور واضح ٹائم لائن کے تحت دن رات کام جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ عالمی اہمیت کے اس منصوبے کا فوری نوٹس لیں اور اعلیٰ سطحی نگرانی کا نظام وضع کر کے سڑک کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے