سفارتخانے آمد: شہباز شریف کا نیپال میں سیلاب پر افسوس، امدادی سامان روانہ کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ( کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں واقع نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور نیپال میں حالیہ تباہ کن سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔ انہوں نے حکومت اور عوام کی جانب سے سوگوار خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے نیپالی وزیراعظم بالندر شاہ سے حال ہی میں ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں اپنے نیپالی بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے نیپال کے ساتھ درپیش قدرتی آفت میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہنے کے عزم کو دہرایا۔

اس موقع پر شہباز شریف نے نیپالی سفیر کو آگاہ کیا کہ پاکستان رواں ہفتے کے اواخر میں نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کرے گا۔ اس امداد کا مقصد وہاں جاری امدادی کارروائیوں اور متاثرین کی بحالی کے کاموں میں فوری اور مؤثر معاونت فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیپال کے باہمت عوام اس عظیم سانحے سے جلد اور مزید مضبوط ہو کر ابھریں گے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ دونوں دوست ممالک ہمیشہ مشکل اور ضرورت کے وقت ایک دوسرے کے کام آتے رہے ہیں۔

نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم شہباز شریف کا تعزیت اور حوصلہ افزا کلمات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام کی اس یکجہتی کو نیپال طویل عرصے تک یاد رکھے گا۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے