پاکستان کے معیاری وقت کے قانون میں تاریخی ترمیم، GMT سے ساڑھے 5 گھنٹے آگے کی شق ختم

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): پارلیمنٹ نے پاکستان کے معیاری وقت سے متعلق 83 سال پرانے قانون میں تاریخی ترمیم منظور کر لی ہے۔ اب پاکستان کا قانونی معیاری وقت گرین وچ مین ٹائم (GMT) سے پانچ گھنٹے آگے یعنی UTC+5 قرار پایا ہے۔ اس ترمیم کے تحت 1943 کے آرڈیننس میں موجود "ساڑھے پانچ گھنٹے” کی شق ختم کر دی گئی ہے۔

قومی اسمبلی نے 11 مئی 2026 کو جبکہ سینیٹ نے 18 اگست 2026 کو "اسٹینڈرڈ ٹائم (انٹرپریٹیشن آف ریفرنسز) (ترمیمی) بل 2026” منظور کیا۔ یہ بل اب صدرِ مملکت کی منظوری کا منتظر ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد ترمیم شدہ شق باضابطہ طور پر ملکی قانونی فریم ورک کا حصہ بن جائے گی۔

حکام کے مطابق ترمیم کے ذریعے 1943 کے اسٹینڈرڈ ٹائم آرڈیننس کی متعلقہ شق سے "اور نصف” (and one-half) کے الفاظ حذف کیے گئے ہیں۔ اس طرح قانون میں درج وقت اور ملک میں کئی دہائیوں سے عملی طور پر رائج معیاری وقت کے درمیان موجود تضاد ختم ہو جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق تقسیمِ ہند سے پہلے نافذ اسٹینڈرڈ ٹائم (انٹرپریٹیشن آف ریفرنسز) آرڈیننس 1943 میں پاکستان کا معیاری وقت GMT سے ساڑھے پانچ گھنٹے آگے بتایا گیا تھا۔ یہ حساب اس وقت کے برصغیر کے معیاری وقت پر مبنی تھا۔ تاہم 30 ستمبر 1951 سے پاکستان نے عملاً UTC+5 اپنا لیا تھا، جو آج تک جاری ہے۔ اس تبدیلی کی بنیاد ماہرِ ریاضی محمود انور کی تحقیق پر رکھی گئی تھی تاکہ وقت جغرافیائی طول بلد کے قریب ہو۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ اس قانونی ترمیم سے شہریوں کی گھڑیوں کے وقت، دفتری اوقاتِ کار، اسکولوں کے شیڈول، نماز کے اوقات یا روزمرہ معمولات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ پاکستان 1951 سے مسلسل UTC+5 کے مطابق وقت استعمال کر رہا ہے اور یہ صرف قانونی دستاویزات کو حقیقت کے مطابق بنانے کی کارروائی ہے۔

قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترمیم کا مقصد پرانی قانونی شق اور موجودہ عملی صورتحال کے درمیان تضاد کو دور کرنا ہے۔ بل کے اشیاء و اسباب میں بھی یہی بات واضح کی گئی ہے۔

صدرِ مملکت کی منظوری کے بعد یہ ترمیم فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کا قانونی معیاری وقت باضابطہ طور پر GMT سے پانچ گھنٹے آگے یعنی UTC+5 قرار پا جائے گا، جو ملک میں دہائیوں سے رائج ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے